ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور : 156 سال قدیم اسکول کی عمارت ڈھا دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے طلب کی رپورٹ 

پتور : 156 سال قدیم اسکول کی عمارت ڈھا دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے طلب کی رپورٹ 

Wed, 15 Dec 2021 17:39:07    S.O. News Service

پتور، 15؍ دسمبر (ایس او نیوز) نیلیکٹے میں واقع پتور کے ثقافتی ورثہ کے طور پر معروف 156 سال قدیم اسکول کی عمارت ایس ڈی ایم سی کی طرف سے جو ڈھا دی گئی ہے اس تعلق سے جنوبی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا نے ڈی ڈی پی آئی اور ضلع پنچایت سی ای او کو تحقیقات اور رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

یاد رہے کہ  اسکول ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی نے  اس قدیم عمارت کو قدیم اور مرمت نہ ہونے کی وجہ سے  انتہائی خستہ قرار دیتے ہوئے 11  دسمبر کی رات کو زمیں بوس کر دیا تھا جس پر عوام کی طرف سے سخت اعتراض جتایا جا رہا ہے ۔ کیونکہ یہ عمارت انگریزوں کے زمانے میں بنی تھی اور  83 سال پہلے اس اسکول میں ڈاکٹر شیو رام کارنت نے رقص کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ 

بلاک ایجو کیشن آفیسر سے کہا گیا ہے کہ اس معاملہ کی رپورٹ ڈی ڈی پی آئی کو بھیجے ۔ بی ای او نے ایس ڈی ایم سی اور اسکول ہیڈ ماسٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے کہ کن حالات میں اس عمارت کو ڈھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ ایس ڈی ایم سی کو اسکول کی عمارت ڈھانے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ بلکہ اسے تو صرف بی ای او کے توسط سے ڈی ڈی پی آئی کو عمارت کی خستہ حالت اور مرمت کی ضرورت کے تعلق سے معلومات فراہم کرنا چاہیے تھا ۔ اور ڈی ڈی پی آئی کو ماہرین کے ذریعے اس کا جائزہ لینے کے بعد اس کی رپورٹ محکمہ تعلیمات عامہ کے ریاستی ڈائریکٹر کو بھیجنا چاہیے تھا ۔

جنوبی کینرا ڈی سی نے کہا کہ عمارت ڈھانے کی تحقیق کے بعد جو رپورٹ موصول ہوگی اس کے پس منظر میں ضروری کارروائی کی جائے گی ۔ 

جبکہ پتور کے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر یتیش الال نے بتایا کہ انہیں یا محکمہ تعلیمات کے دفتر کو عمارت ڈھانے کے سلسلے میں کوئی پیشگی اطلاع نہیں ملی تھی ۔ چونکہ یہ ایک سرکاری عمارت تھی اور اسے ڈھانے کے تعلق سے  قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے اس لئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کے امکانات موجود ہیں ۔


Share: